مینگلور5/جولائی (ایس او نیوز) ضلع دکشن کنڑا کے دو مختلف مقامات پر دو جوان خواتین کی غیر فطری موت کے واقعات منظر عام پر آئے ہیں جن کے تعلق سے شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ان دونوں کی موت خودکشی سے ہوئی ہے۔
ایک خاتون کی موت موڈ بیدری پولس تھانہ حدود کے پوچھّا موگورو نامی مقام پر ہوئی، جہاں اس کی لاش اُس کے ہی مکان پر شال کے ذریعے چھت سے لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اس خاتون نے حال ہی میں ایک بچی کو جنم دیا تھا، مگروہ اپنی بچی کو دودھ پلانے سے قاصر تھی، شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسی بات سے پریشان ہوکر اُس نے خودکشی کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خودکشی کی واردات اُس وقت پیش آئی جب اُس کی والدہ کچھ کام سے گھر سے باہر گئی ہوئی تھی۔ مرنے والی خاتون کی شناخت 24 سالہ دیویا کی حیثیت سے کی گئی ہے جس کی شادی رنجیت سے ہوئی تھی۔مبینہ خودکشی کی یہ واردات بدھ کو پیش آئی ہے۔
ایک اور خاتون کی موت مینگلور سے 80 کلومیٹر دور سولیا نامی مقام پر ہوئی ہے جہاں ایک ڈینٹل کی طالبہ 19 سالہ سومنا کی لاش اُس کے ہی ہوسٹل کے کمرے میں چھت سے لٹکتی ہوئی پائی گئی ہے۔ بتایا گیاہے کہ وہ سولیا کے ایک پرائیویٹ ڈینٹل کالج میں بی ڈی ایس (اول سال) کی طالبہ تھی ۔ پولس کے مطابق کالج میں ٹرمینل امتحانات جاری ہیں اور طالبہ نے پیر کو اپنا پہلا پرچہ دیا تھا، پولس کے مطابق پہلے پرچے میں اس کا مظاہرہ کافی کمزور ہونے کی بات کو دھیان میں رکھتے ہوئے غالباً اُس نے خودکشی کی ہوگی۔ یہ واردات منگل کو پیش آئی ہے۔
دونوں مشتبہ خودکشی کے معاملات کی پولس چھان بین کررہی ہے۔